18 جولائی 2014 - 12:30
انقلاب اسلامی ایران کو اپنوں اور غیروں نے محدود کرنیکی کوشش کی: افضل بٹ

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ اگر ہم تعصب کی عینک اتار کرکے انقلاب اسلامی کو پڑھیں اور دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ حقیقی بیداری کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ اگر ہم تعصب کی عینک اتار کرکے انقلاب اسلامی کو پڑھیں اور دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ حقیقی بیداری کیا ہے۔ گذشتہ پچیس سال سے امریکہ اور اس کے حواریوں نے ایران کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے اور ایران کو کوئی معاشی سرگرمی اختیار نہیں کرنے دی جا رہی لیکن اس کے باوجود ایران نے اپنی غیرت اور حمیت کے بل بوتے پر ثابت کیا ہے کہ امریکہ سمیت تمام عالمی استعماری قوتوں کیخلاف کھڑا ہوا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ تمام تر کوششوں کے باوجود ایران کی سرحدوں کے اندر اپنا کوئی اثر و رسوخ قائم نہیں کرسکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام صحافی حضرات کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے ساتھ یہ ظلم ہوا ہے کہ اپنوں اور غیروں نے اس انقلاب پر ایک مسلک کی چھاپ لگا دی، حالانکہ امام خمینی نے بادشاہتوں اور ظالم نظام کیخلاف قیام کیا تھا۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال پر مجلس وحدت مسلمین کے موقف کی تائید کی اور کہا کہ غزہ میں بہت ظلم ہو رہا ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ افضل بٹ نے صحافتی تنظیموں کی جانب سے یوم القدس منانے کا بھی اعلان کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲